نئی دہلی، 31 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کانگریس اور راجیہ سبھا کی رکنیت چھوڑنے کے ایک دن بعد سنجے سنگھ بدھ کو بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ بی جے پی کے ایگزیکٹو چیئرمین جے پی نڈا سمیت سینئر پارٹی لیڈروں کی موجودگی میں سنجے سنگھ کی بیوی امیتا سنگھ کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اعتماد ظاہر کیا ہے اور انہوں نے بھی مودی کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نڈا نے کہا کہ سنجے سنگھ کے بی جے پی میں شامل ہونے سے پارٹی کو مضبوطی ملے گی۔ امیٹھی راج گھر انے سے رشتہ رکھنے والے سنجیسنگھ کا امیٹھی اور ارد گرد کے علاقہ میں اچھا خاصا اثر سمجھا جاتا ہے۔ اس علاقے میں را ئے بریلی بھی آتا ہے جو کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کا پارلیمانی حلقہ ہے،سنجے سنگھ پہلے بھی بی جے پی میں رہ چکے ہیں۔